سعودی عرب کے علاقے قصیم میں واقع شاہ عبدالعزیز کا تاریخی محل عیدالفطر کے موقع پر سیاحوں اور عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، جہاں زائرین کو ثقافتی اور تاریخی سرگرمیوں کا منفرد تجربہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ عبدالعزیز کا تاریخی محل روزانہ سہ پہر 3 بجے سے رات 10 بجے تک آئندہ جمعہ تک کھلا رہے گا، جہاں آنے والے افراد کو علاقے کی سماجی اور معاشی تاریخ سے متعلق نوادرات اور تاریخی اشیاء دیکھنے کا موقع ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول اور گیس کا استعمال 50 فیصد کم کردیں، رانا ثناء اللہ کا مشورہ
تقریب میں روایتی سعودی عرضہ کے مظاہرے، مقامی خاندانوں کی جانب سے دستکاری کے نمونے اور بچوں کے لیے خصوصی تعلیمی سرگرمیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔ یہ محل 1932 (1351 ہجری) میں روایتی نجدی طرزِ تعمیر میں تعمیر کیا گیا تھا اور ماضی میں انتظامی و سکیورٹی مرکز کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے، جس کا تعلق بانیٔ سعودی عرب شاہ عبدالعزیز سے ہے۔
دوسری جانب یہ اقدام امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ہیريٹیج کمیشن اور قصیم کی امارت کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد تاریخی ورثے کو اجاگر کرنا اور مقامی کمیونٹی کا اپنے قومی تشخص سے تعلق مضبوط بنانا ہے تاکہ سیاحت اور ورثے کو فروغ دیا جا سکے۔




