مظفرآباد میں مہنگائی کاراج، دیہاڑی پر کام بھی بند،مزدور خالی ہاتھ گھروں کو واپس جانے لگے

مظفر آباد( حنامحبوب اعوان) آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں دیہاڑی دار مزدور کام نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ، دن بھر دیہاڑی آنے کے انتظار میں شام کو مایوس واپس گھروں کو جانے لگے۔

کشمیر ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق مظفرآبادکے مشہور چوک اپر اڈا میں درجنوں مزدور دن بھر کام آنے کے انتظار میں بیٹھے رہتے ہیں، مہنگائی کی وجہ سے دیہاڑی دار مزدوروں کا کام شدید متاثر ہوا ہے۔

مزدوروں نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کئی کئی دن دیہاڑی نہیں لگتی ، کام مل بھی جائے تو اجرت بہت کم ملتی ہے، ہمارے لئے بچوں کا پیٹ پالنا مشکل ہوچکا، روزانہ مایوس ہی واپس جانا پڑتا ہے۔

مہنگائی دن بدن بڑھ رہی ہے، چینی ، چاول، چائے ، سبزیوں سمیت اشیائے خوردونوش کئی گنا مہنگی ہوچکی ہیں، ہمیں ہفتوں تک کام نہیں ملتا، ہم کسی کے آگے ہاتھ بھی نہیں پھیلاتے، حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔

مہنگائی کا دن بدن بڑھنا حکمرانوں کیلئے چیلنج بنتا جا رہا ہے، حکومت کو دیہاڑی دار مزدوروں کیلئے پالیسی تشکیل دینا ہوگی تاکہ یہ اپنا اور اپنے بال بچوں کا پیٹ آسانی سے پال سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: انتظامیہ کی کمزور گرفت،مظفر آباد میں مہنگائی کا طوفان،عوام کو لوٹا جانے لگا

Scroll to Top