جے سوریا

مسلمانوں سے مذہبی ہم آہنگی کی نادر مثال، جے سوریا کاخوبصورت عمل سوشل میڈیا پر وائرل

سری لنکا کے نامور سابق آل راؤنڈر سنتھ جے سوریا نے ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک میں روزہ رکھ کر نہ صرف اپنے مداحوں کو متاثر کیا بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک خوبصورت مثال بھی قائم کی ہے۔ ان کا یہ عمل کھیلوں کی دنیا سے بڑھ کر معاشرتی سطح پر مثبت سوچ کو فروغ دینے کا سبب بن رہا ہے ۔

اپنے سوشل میڈیا پیغام میں جے سوریا نے بتایا کہ انہوں نے آج اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ روزہ رکھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ روایت وہ اپنے کرکٹ کے دنوں سے باقاعدگی سے اپنائے ہوئے ہیں اور ہر سال رمضان میں اسے جاری رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا، یہ روایت مجھے مختلف مذاہب اور ثقافتوں کو قریب سے سمجھنے کا موقع دیتی ہے ۔

جے سوریا کے مطابق رمضان صرف عبادت کا مہینہ نہیں بلکہ یہ صبر، برداشت اور دوسروں کے احساسات کو سمجھنے کا درس بھی دیتا ہے ۔ انہوں نے اس روایت کو اپنے لیے انسانیت کے ساتھ مضبوط تعلق کا ذریعہ قرار دیا ۔

سنتھ جے سوریا نے رمضان کا روزہ رکھ کر مداحوں کے دل جیت لیے

ان کے اس اقدام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی، جہاں کئی افراد نے اسے رواداری اور باہمی احترام کی علامت قرار دیا جبکہ بعض نے انہیں انسانیت اور محبت کا سفیر بھی کہا ۔

سابق کرکٹرز اور ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ کھیل ہمیشہ سے لوگوں کو قریب لانے کا ذریعہ رہا ہے اور جے سوریا جیسے کھلاڑی اس کی بہترین مثال ہیں جو میدان سے باہر بھی مثبت کردار ادا کر رہے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان سپر لیگ 11 کیلئے بنگلادیش کے کھلاڑیوں کو این او سی جاری

یاد رہے کہ سنتھ جے سوریا عالمی کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں  ۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 110 ٹیسٹ، 445 ون ڈے اور 31 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سری لنکا کی نمائندگی کی اور اپنی جارحانہ بیٹنگ و کارآمد باؤلنگ سے ایک طویل عرصے تک شائقین کو محظوظ کیا ۔

Scroll to Top