حسن اشرف

برنالہ میں نوجوانوں کی صحت کیلئے کھیل کے میدان بنائیں گے : چوہدری حسن اشرف

برنالہ(کشمیر ڈیجیٹل) چیئرمین وزیراعظم معائنہ عملدرآمد کمیشن چوہدری حسن اشرف نے ضلع برنالہ کے مختلف مقامات کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کمال سبحانی، اسسٹنٹ کمشنر برنالہ ڈاکٹر راشد محمود، ایکسین بلڈنگ، ایس ڈی او، اور ممبر ضلع کونسل ملک ریاست بھی موجود تھے ۔

دورے کا مقصد ضلع کے کھیلوں کے میدانوں، اسکولوں اور عوامی مقامات کا معائنہ کرنا اور نوجوانوں کی سرگرمیوں کے لیے موجود سہولتوں کا جائزہ لینا تھا ۔

چیئرمین چوہدری حسن اشرف نے دورے کے دوران مختلف مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا جن میں ملوٹ پل، گورنمنٹ گرلز ہائی سیکنڈری سکول ملوٹ، بیڑا گڑھا گراؤنڈ، پٹیاں گراؤنڈ، ڈوبے گراؤنڈ، قلعہ چھپڑ اور آہی گراؤنڈ شامل تھے ۔

ان تمام مقامات پر موجود سہولتوں اور بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ تمام گراؤنڈز اور سکولوں کیلئے مکمل ہوم ورک تیار کریں تاکہ ان کی ترقی اور بہتری کے لیے مناسب اقدامات کیے جا سکیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چیئرمین وزیراعظم عملدآمدکمیشن حسن اشرف سے سردارظفرکی ملاقات، ایل او سی متاثرین کو اراضی الاٹمنٹ پرغور

چیئرمین نے زور دیا کہ کھیل کے میدان نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کیلئے انتہائی اہم ہیں اور حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ نوجوان صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ جب کھیل کے میدان اباد ہوں گے تو ہسپتال ویران ہوں گے، یعنی کھیل کے میدان نوجوانوں کی صحت اور جسمانی تربیت کیلئے نہایت ضروری ہیں ۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ تمام گراؤنڈز کی مکمل سکیم تیار کریں اور اسے آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں شامل کرنے کے لیے ارسال کریں ۔

چیئرمین کے اس دورے سے واضح ہوا کہ حکومت کھیلوں کے میدانوں اور تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوان صحتمند اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیرحکومت نے نیشنل ہیلتھ ملازمین کی ریگولرائزیشن کی منظوری دیدی

ضلع برنالہ میں کھیل کے میدانوں کی ترقی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

Scroll to Top