وزارتِ اطلاعات

پاکستان سرحدی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا:وزارتِ اطلاعات

پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان حکومت کے مبینہ وزارتِ دفاع کے ترجمان کی جانب سے عائد کردہ الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں حقائق کے برعکس اور گمراہ کن قرار دیا ہے ۔

سرکاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے عیدالفطر کے دوران مغربی سرحد پر طے شدہ عارضی جنگ بندی پر مکمل عمل کیا اور کسی بھی سطح پر اس کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ۔

بیان کے مطابق افغان حکام کے دعوے بے بنیاد ہیں اور زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے ۔

وزارت نے عندیہ دیا کہ اس نوعیت کے بیانات ممکنہ طور پر ایک منظم مہم کا حصہ ہیں، جن کا مقصد خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا اور دہشت گردی کیلئے جواز تراشنا ہو سکتا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:افغان طالبان کا بڑا جھوٹ پکڑا گیا: پاکستان کے خلاف منظم پروپیگنڈا اور جعلی ویڈیو بے نقاب

حکام کا کہنا تھا کہ افغان طالبان حکومت کے اندر بعض عناصر اس طرح کی معلومات پھیلا کر حالات کو کشیدہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

وزارتِ اطلاعات نے دوٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ اگر افغان سرزمین سے پاکستان کیخلاف کسی بھی قسم کی دہشت گرد کارروائی، سرحد پار دراندازی یا ڈرون حملہ کیا گیا تو عارضی جنگ بندی فوراً ختم تصور کی جائے گی ۔

مزید کہا گیا کہ ایسی صورتحال میں پاکستان اپنی دفاعی حکمت عملی کے تحت ’’آپریشن غضب للحق‘‘ کو دوبارہ اور زیادہ شدت کے ساتھ شروع کرے گا ۔

بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک اپنی سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گا اور کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:افغان عوام سے کوئی اختلاف نہیں،ہماری کارروائیاں دہشتگردوں کیخلاف ہیں،سینئر اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار

اختتام پر وزارت نے واضح کیا کہ پاکستان جھوٹے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیتا رہے گا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا ۔

Scroll to Top