حکومت کا شہریوں کے لیے عید الفطر پر 5 جی سروس فراہم کرنے کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر شہریوں کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنے کے لیے اسلام آباد میں 5 جی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں وفاقی دارالحکومت کے مخصوص علاقوں کے صارفین اس تیز ترین انٹرنیٹ سروس سے مستفید ہو سکیں گے، جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک کی بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو 5 جی لائسنس جاری کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ لائسنس کی شرائط کے تحت ہر کمپنی کو 5 جی سپیکٹرم کے حصول کے لیے 15 ملین ڈالر کی بینک گارنٹی جمع کروانا ہوگی۔ اس کے علاوہ کمپنیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ملک بھر میں 1000 نئی ٹیلی کام سائٹس قائم کریں گی، جبکہ کم کوریج والے دور دراز علاقوں میں ہر کمپنی کو مزید 200 سائٹس نصب کرنا ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی آج ہوگی ،تیز ترین انٹرنیٹ کے نئے دور کا آغاز

پی ٹی اے نے حال ہی میں 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کا عمل کامیابی سے مکمل کیا ہے، جس میں 597 میگا ہرٹز میں سے 480 میگا ہرٹز سپیکٹرم نیلام ہوا۔ اس نیلامی کے ذریعے حکومت کو تقریباً 510 ملین ڈالر کا بھاری ریونیو حاصل ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام تینوں بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو لائسنس بیک وقت جاری کیے جائیں گے تاکہ عید کے موقع پر سروس کو فوری طور پر فعال کیا جا سکے۔ اس پیش رفت سے پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی نئی راہ ہموار ہوگی اور صارفین کو عالمی معیار کی انٹرنیٹ اسپیڈ میسر آئے گی۔

مزید پڑھیں: فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی ،موبائل صارفین کو کیا فائدہ ہوگا؟

Scroll to Top