لرزہ خیز واقعہ: گھریلو ناچاقی پر باپ نے بیوی بچوں پر فائرنگ کے بعد خودکشی کرلی

لاہور:صوبائی دارالحکومت کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھریلو ناچاقی کے باعث باپ نے اپنے ہی اہلخانہ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں بیٹا جاں بحق ہو گیا جبکہ بیوی اور بیٹی شدید زخمی ہو گئے۔

لاہور پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزم نے گھریلو جھگڑے کے بعد ہتھیار اٹھا لیا اور اپنے ہی خاندان کو نشانہ بنانے کے بعد خود پر بھی گولی چلا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ واقعہ شدید گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ ہے جس میں دو افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی سے فارورڈ کہوٹہ جانے والی مسافر کوسٹر کو پنجار کے مقام پر حادثہ، تمام مسافر محفوظ

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان سوسائٹی کے ایک گھر کے سرونٹ کوارٹر میں رہائش پذیر تھا اور وہاں بطور گھریلو ملازم کام کرتا تھا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ملزم کا بیٹا موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ زخمی ہونے والی بیوی اور بیٹی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے خاندان پر فائرنگ کرنے کے فوری بعد خود کو بھی گولی مار لی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ اس ہولناک واقعے کے بعد سوسائٹی میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ خالصتاً گھریلو نوعیت کا ہے اور اس کے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اصل وجوہات سامنے آ سکیں۔

مزید پڑھیں: ضلع باغ: اسکول کے بچوں کی گاڑی کو حادثہ، متعدد زخمی

Scroll to Top