شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مواز کلے کے سرحدی علاقے میں دہشت گرد دراندازی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم پاک فوج کے جوانوں نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ اس جھڑپ کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ باقی ماندہ اپنی پوزیشنیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
آپریشن ’’غضب للحق‘‘ اور دہشت گردوں کا نقصان:
یہ کامیاب کارروائی آپریشن ’’غضب للحق‘‘ کے سلسلے کی کڑی ہے، جس کے تحت فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیرِ استعمال کمپاؤنڈز اور ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا، جس سے ان کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی نے دہشت گردوں کی صفوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان سیکیورٹی گارڈ نے بھانڈا پھوڑ دیا: ہسپتال پر حملے کے بھارتی اور افغان پروپیگنڈے کا پول کھل گیا
امن و امان کے قیام کے لیے حکومتی عزم:
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور کسی بھی ممکنہ دراندازی کو روکنے کے لیے پاک فوج سرحدوں پر مکمل طور پر چوکس ہے۔ اس آپریشن کا بنیادی مقصد شمالی وزیرستان سے دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ اور مقامی آبادی کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ آپریشن “غضب للحق” اپنے حتمی اہداف کے حصول تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔




