حکومت آزاد کشمیر کا عید الفطر پر 2 سرکاری چھٹیوں کا اعلان، باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری

آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر ریاست بھر میں دو سرکاری چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر نے ان تعطیلات کی منظوری دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 30 روزے پورے ہوں گے؟ سیکرٹری جنرل رویتِ ہلال نے اہم تفصیلات جاری کر دیں

نوٹیفکیشن کے مطابق عید الفطر کی مناسبت سے 20 اور 21 مارچ 2026 (بروز جمعہ اور ہفتہ) کو ریاست بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں، بشمول سیکرٹری ٹو پریذیڈنٹ، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، سپریم کورٹ و ہائی کورٹ کے رجسٹرار اور تمام انتظامی سیکرٹریز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ ان چھٹیوں کا اطلاق ریاست کے تمام تعلیمی اداروں، دفاتر اور بینکوں پر بھی ہوگا۔

اگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو شہریوں کو مسلسل چار چھٹیاں میسر آئیں گی۔ ان تعطیلات کے شیڈول کے مطابق، عید کی چھٹیوں کے فوری بعد اتوار کی معمول کی ہفتہ وار تعطیل ہوگی، جبکہ 23 مارچ (یومِ پاکستان) کے باعث پیر کو بھی ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ یوں مسلسل چار روز تک تمام کاروباری اور سرکاری سرگرمیاں معطل رہنے کے بعد منگل 24 مارچ سے معمولاتِ زندگی دوبارہ بحال ہوں گے۔

ادھریونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر (UAJK) نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر 19 مارچ سے 23 مارچ 2026 ء تک عام تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان تواریخ کے دوران یونیورسٹی کے تمام کیمپسز اور انتظامی دفاتر مکمل طور پر بند رہیں گے۔ تاہم، یونیورسٹی کی املاک اور کیمپس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اسٹاف حسبِ معمول اپنی ڈیوٹیوں پر موجود رہے گا۔ تمام تعلیمی اور تدریسی سرگرمیاں چھٹیوں کے اختتام پر دوبارہ شروع ہوں گی۔

Scroll to Top