پاکستان میں عید الفطر 30 روزوں کے بعد ہفتہ 21 مارچ 2026 ء کو ہونے کی پیشگوئی کر دی گئی ہے، جس کے مطابق شوال المکرم 1447ھ کا آغاز بھی اسی روز سے ہوگا۔
سیکرٹری جنرل رویتِ ہلال خالد اعجاز مفتی کے مطابق جمعرات 19 مارچ 2026 ء کی شام ملک بھر میں ہلال کی رویت ممکن نہیں ہے۔ سائنسی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ نیا چاند 19 مارچ کی صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم 29 رمضان المبارک کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 13 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی۔ ماہرین کے مطابق انسانی آنکھ سے چاند دیکھنے کے لیے اس کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شوال کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو نے عید الفطر کی تاریخ پیشگوئی کر دی
مزید برآں، غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان وقت کا فرق بھی رویت کے لیے ناکافی ہے۔ کراچی میں یہ فرق 26 منٹ اور پشاور میں 30 منٹ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ چاند نظر آنے کے لیے غروبِ آفتاب اور غروبِ مہتاب کے درمیان کم از کم 40 منٹ کا وقفہ درکار ہوتا ہے۔ ان تمام تکنیکی وجوہات کی بنا پر رواں سال رمضان المبارک کے 30 ایام مکمل ہونے اور عید الفطر 21 مارچ کو منائے جانے کا قوی امکان ہے۔




