اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک شہری کی جانب سے انوکھی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کو عید کا چاند دیکھنے کے بعد اس کا اعلان جلد از جلد کرنے کا حکم دیا جائے۔
یہ درخواست اسلام آباد کے رہائشی عبداللہ شفیق جان نے ذاتی حیثیت میں دائر کی ہے، جس میں چاند کے اعلان میں ہونے والی تاخیر سے پیدا ہونے والے مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہر پاکستانی کو عیدی ملے گی؟ حکومت کا ’پی ایم عیدی پروگرام 2026‘کا منصوبہ
درخواست گزار کا موقف ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند کے اعلان میں غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے شہری تذبذب کا شکار رہتے ہیں اور اکثر لوگ تراویح بھی پڑھ لیتے ہیں، جس کے بعد اچانک عید کا اعلان ہونے سے صورتحال پیچیدہ ہو جاتی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ رات گئے چاند کا اعلان ہونے سے مارکیٹوں میں اچانک رش بڑھ جاتا ہے جو انتظامیہ کے لیے امن و امان (لا اینڈ آرڈر) کے مسائل پیدا کرتا ہے۔
عدالت سے یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ انتظامیہ کو ہدایت دی جائے کہ وہ ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرے۔ درخواست گزار نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ عید کی شاپنگ والی دکانوں کے علاوہ دیگر تمام مارکیٹس کو بند رکھنے کا حکم دیا جائے تاکہ بے جا رش پر قابو پایا جا سکے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عدالت اس انوکھی مگر عوامی مسئلے سے جڑی درخواست پر کیا فیصلہ سناتی ہے۔




