’’مجھے بیوی مار رہی ہے بچا لیں‘‘ شوہر کی سیف سٹی ایپ پر ویڈیو کال، پولیس نے صلح کروائی

پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے سندر کے رہائشی ایک شہری نے سیف سٹی پبلک ایپ پر اپنی بیوی کی جانب سے مبینہ تشدد کی شکایت درج کروائی تو پولیس اور سیف سٹی حکام کی مداخلت سے دونوں فریقین کے درمیان صلح کروا دی گئی۔

ایک نیوز ویب سائٹ کے مطابق سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ شہری نے ایپ کے ویڈیو کال فیچر کے ذریعے ادارے سے رابطہ کیا اور دعویٰ کیا کہ اس کی بیوی اس پر تشدد کر رہی ہے جبکہ اس کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا ویڈیو بنی موت کا پروانہ، خاتون شوٹنگ کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھی

سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان نے اس حوالے سے مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ شہری نے ویڈیو کال پر بتایا کہ ان کی بیوی ان پر تشدد کر رہی ہیں لہٰذا پولیس ان کی جان بچائے

سیف سٹیز اتھارٹی کے اہل کار نے بعدازاں شہری پر مبینہ تشدد کے شواہد بھی ریکارڈ کئے۔ حکام کے مطابق متاثرہ شخص نے مزید بتایا کہ اس کی بیوی کی جانب سے اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔

حکام کے مطابق سیف سٹی افسر کی جانب سے ویڈیو کال کے دوران شہری کو فوری مدد اور تحفظ کی یقین دہانی کروائی گئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شکایت موصول ہوتے ہی سیف سٹی افسر نے فوری طور پر متعلقہ تھانے کو اطلاع دی جس کے بعد تھانہ سندر کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس نے دونوں فریقین سے تفصیلی معلومات حاصل کیں اور ابتدائی تفتیشی عمل مکمل کیا۔

بعد ازاں پولیس اور سیف سٹی اتھارٹی کی کاوشوں سے دونوں فریقین کے درمیان بات چیت کے ذریعے معاملہ خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مغربی بنگال :بھارتی پولیس کا مسلم نوجوان پر تشدد کی ویڈیو وائرل

سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سیف سٹی پبلک سیفٹی ایپ شہریوں کو ہنگامی حالات میں فوری مدد فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری اس ایپ کے ویڈیو کال فیچر کے ذریعے براہ راست اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ویڈیو شواہد بھی شیئر کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top