لیپہ ویلی میں بارشوں کا سلسلہ جاری: زمین سرکنے سے گھروں کو نقصان کا اندیشہ

آزاد کشمیر کی وادی لیپہ میں حالیہ موسلادھار بارشوں کے باعث زمین سرکنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے مقامی آبادی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق وادی لیپہ میں گزشتہ چند روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ اس دوران، گاؤں غائی پورہ کے محلہ چنار پورہ میں رہائشی نزیر احمد شیخ اور رفیق شیخ کے مکانات لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئے ہیں

جس کے باعث زمین سرکنا شروع ہو گئی ہے لہذا،اہلِ علاقہ اور متاثرہ خاندانوں نے حکام سے فوری نوٹس لینے اور حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کسی بھی بڑے جانی و مالی نقصان سے قبل ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔ نزیر احمد شیخ کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہےجس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

اسسٹنٹ کمشنر یاسر علی بخاری نے بھی بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کی تصدیق کی ہے اور مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوٹلی آزاد کشمیر: انٹرنیٹ سروسز کی ناقص کارکردگی پر عوام میں شدید غم و غصہ

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ مزید چند روز جاری رہنے کا امکان ہےجس سے لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر حفاظتی اقدامات کریں اور متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

واضح رہے کہ وادی لیپہ میں بارش اور برفباری کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو چکے ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات سے سڑکوں کی بندش اور مواصلاتی نظام میں خلل پیدا ہو رہا ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ مقامی آبادی اور سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top