چین

پاکستان اور افغانستان فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے اختلافات حل کریں ، چین

بیجنگ : چین نے پاکستان اور افغانستان پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کی طرف بڑھیں اور اپنے تمام اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل کریں ۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے افغان ہم منصب امیر خان متقی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، جس میں انہوں نے خطے میں امن و استحکام کیلئے دونوں ممالک کی ذمہ داریوں پر زور دیا ۔

ترجمان کے مطابق وانگ یی نے کہا کہ چین کا افغان امور کیلئےخصوصی ایلچی پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کیلئے سرگرم ہیں اور وہ دونوں ممالک کو مؤثر مذاکرات کی طرف راغب کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں ۔

چینی وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور افغانستان تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور کسی بھی قسم کی کشیدگی سے گریز کریں گے ۔ چین نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ دوطرفہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل امن اور خطے کی ترقی کیلئے نہایت ضروری ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چین کا امریکی حملوں میں شہید ایرانی طلباء کے ورثاءکیلئے امدادی پیکیج کا اعلان

ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے فعال کردار جاری رکھنے کیلئے پُعزم ہے ۔ اس سلسلے میں چین کی کوششوں کا مقصد خطے میں استحکام، امن اور باہمی اعتماد کو فروغ دینا ہے ۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی مسائل اور سکیورٹی کی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جس پر عالمی برادری کی تشویش بڑھ گئی ہے ۔

چین کی یہ ثالثی کوششیں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور مسائل کے پُرامن حل کیلئے اہم قدم تصور کی جا رہی ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایران جنگ میں امریکہ کو شکست ہوگی: چینی ماہر کی حیران کن پیشگوئی

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ چین خطے میں دیرپا امن کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا اور پاکستان اور افغانستان سے اپیل کی کہ وہ تنازعات کو مذاکرات اور پُرامن طریقے سے حل کریں ۔

Scroll to Top