بھارتی کرکٹر محمد کیف بھی سلمان علی آغا کے حق میں میدان میں آگئے، بنگلادیشی کپتان کو سنا دیں

بنگلا دیش کے کپتان مہدی حسن میراز کی جانب سے اسپورٹس مین اسپرٹ کے برخلاف پاکستانی بیٹر سلمان علی آغا کو رن آؤٹ کرنے پر تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ ساتھ اب بھارتی کرکٹرز نے بھی اس ردعمل کو غیر اخلاقی قرار دے دیا ہے۔

بھارتی ٹیم کے سابق اسٹار کرکٹر محمد کیف سلمان علی آغا کی حمایت میں سامنے آئے ہیں اور انہوں نے بنگلادیشی کپتان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شمالی کوریا کی جانب سے 10 بیلسٹک میزائل فائر؛ امریکہ اور جنوبی کوریا کو ‘خوفناک نتائج’ کی وارننگ

محمد کیف نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وکٹ حاصل کرنے کی بے صبری اس طرز کے رن آؤٹ کو ہرگز درست قرار نہیں دے سکتی۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ ایسی بے صبری کا مظاہرہ ایک کپتان کی جانب سے کیا گیا۔ کیف نے نوجوان کھلاڑیوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ “یاد رکھیں، چاہے ورلڈ کپ کا فائنل ہی داؤ پر کیوں نہ لگا ہو، وہ کبھی نہ کرنا جو بنگلادیش کے کپتان نے کیا، کیونکہ فیئر پلے کے بغیر کھیل کھیل نہیں رہتا۔”

واضح رہے کہ دوسرے ون ڈے میچ میں مہدی حسن میراز نے سلمان علی آغا کو نان اسٹرائیکر اینڈ پر متنازع طریقے سے رن آؤٹ کیا تھا، جس پر پاکستانی بیٹر نے گراؤنڈ میں ہی شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔ اس سے قبل سابق کپتان محمد حفیظ اور رمیز راجا بھی مہدی حسن کے اس طرز عمل کو کھیل کے جذبے کے منافی قرار دے چکے ہیں۔ اب سرحد پار سے بھی اس عمل کی مذمت نے بنگلادیشی کپتان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں: کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا رن آؤٹ، اسپورٹس مین اسپرٹ کی دھجیاں اڑادی گئیں

Scroll to Top