راولاکوٹ میں یوتھ اینڈ میڈیا ورکشاپ: نوجوانوں کی تربیت اور ففتھ جنریشن وارفیئر سے آگاہی

راولاکوٹ، آزاد کشمیر:پاک فوج اور حکومت آزاد کشمیر کے اشتراک سے راولاکوٹ میں چار روزہ “یوتھ اینڈ میڈیا ورکشاپ” کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج اور حکومت آزاد کشمیر کے اس ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کی آواز کو معاشرے کی بہتری کے لیے مثبت قوت بنانا اور ففتھ جنریشن وارفیئر، سوشل میڈیا کے مثبت و منفی اثرات اور غلط معلومات کے پھیلاؤ جیسے اہم موضوعات پر شرکاء کو آگاہ کرنا تھا۔اس ورکشاپ میں نوجوان طلبہ و طالبات، صحافیوں اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈاکٹر مبشر نقوی نے آئی ٹی سے متعلق اہم معلومات حاضرین تک پہنچائی، مقررین نے سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں سنسنی خیز اور گمراہ کن معلومات پھیلا کر عوام میں عدم اعتماد پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا کو ففتھ جنریشن وارفیئر میں بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ قومی بیانیہ کو کمزور کیا جا سکے۔ مقررین نے عوام بالخصوص نوجوانوں کو تاکید کی کہ کسی بھی خبر کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تحقیق اور تصدیق کریں۔

یہ بھی پڑھیں: 27 فروری: سرپرائز ڈے – پاک فضائیہ کی شاندار کامیابی کی یاد

شرکاء نے اس معلوماتی نشست کے انعقاد پر پاک فوج اور حکومت آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ورکشاپس نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی کے لیے نہایت مفید ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے جو مستقبل میں ان کے لیے کارآمد ثابت ہوگا۔

Scroll to Top