محکمہ موسمیات اور سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کاالرٹ جاری کر دیاہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ہفتہ 14 مارچ کی شام سے ملک کے شمالی اور مغربی حصوں میں داخل ہوگا جو 16 مارچ کی صبح تک برقرار رہے گا۔
اس سسٹم کے تحت 14 مارچ کی رات سے 16 مارچ کی صبح تک چترال، دیر، سوات، کوہستان، بونیر، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور پشاور سمیت کئی شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے شہروں جن میں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا اور ملحقہ علاقے شامل ہیں، وہاں بھی بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کی عیدالفطر سے قبل ملک میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی
آزاد کشمیر کے حوالے سے سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہناہے کہ 14 مارچ کی شام سے 16 مارچ تک مظفرآباد، نیلم، جہلم ویلی، باغ، حویلی اور پونچھ میں بارش جبکہ بالائی پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بارش کے دوران محتاط سفر کریں کیونکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ چند مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کی کمی آ سکتی ہے، جبکہ ایک اور مغربی سلسلہ 17 مارچ کی رات کو ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موجودہ موسمی حالات کے مطابق اپنی فصلوں کا انتظام کریں۔




