بارشوں

محکمہ موسمیات کی عیدالفطر سے قبل ملک میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے عیدالفطر سے قبل اور عید کی تعطیلات کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے متعلق نئی پیشگوئی کر دی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران ایک مضبوط مغربی موسمی نظام پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں سب سے پہلے شمالی اور بالائی خطوں میں بارشوں کا آغاز متوقع ہے۔ بعد ازاں یہ موسمی نظام بتدریج پنجاب، خیبرپختونخوا اور دیگر علاقوں تک بھی اثر انداز ہو سکتا ہے ۔

ماہرین کے مطابق بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے جس سے شہریوں کی روزمرہ سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں ۔

اسی طرح پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بھی موجود ہیں، جس کے پیش نظر ان علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان میں تیز بارش، لینڈ سلائیڈنگ ، شاہراہ قراقرم بند، ٹریفک معطل

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے اس سلسلے سے موسم میں خنکی پیدا ہوگی اور حالیہ دنوں میں محسوس کی جانے والی گرمی کی شدت میں عارضی طور پر کمی آ سکتی ہے ۔

تاہم تیز ہواؤں اور طوفانی کیفیت کے باعث درخت گرنے، سائن بورڈز کو نقصان پہنچنے اور بجلی کی ترسیل کے نظام میں خلل آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔

متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے ۔

حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بالخصوص پہاڑی یا سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے پہلے موسمی صورتحال کے بارے میں تازہ معلومات ضرور حاصل کریں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ملک میں مزید بارشیں اور ژالہ باری؟ محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی جاری

ماہرین کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکتا ہے ۔

Scroll to Top