اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں آج جمعہ 13 مارچ 2026 کو سیکیورٹی اور ٹریفک کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے باعث شہر کی متعدد اہم شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے ۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون میں داخلے کیلئے صرف مارگلہ روڈ کو کھلا رکھا گیا ہے جبکہ دیگر تمام داخلی راستے عارضی طور پر بند کر دئیے گئے ہیں ۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ حد تک متبادل راستے اختیار کریں تاکہ ٹریفک کے دباؤ اور مشکلات سے بچا جا سکے ۔
حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں سڑکوں کی بندش سکیورٹی انتظامات کے تحت کی گئی ہے ۔
پولیس کے مطابق ایران ایونیو کے تمام داخلی اور خارجی راستے مکمل طور پر بند ہیں ۔ اسی طرح چاند تارہ فلائی اوور سے سری نگر ہائی وے کے ذریعے سرینا چوک تک جانے والا راستہ بھی بند رکھا گیا ہے۔
آبپارہ کے علاقے میں سہروردی روڈ کو بھی مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک بحریہ کے حفاظتی حصار میں 12کروڑ لیٹر تیل فجیرا سے کراچی منتقل
مزید برآں رجب طیب اردوان فلائی اوور سے جناح ایونیو، کلثوم پلازہ چوک، سیونتھ ایونیو پل، فضل حق روڈ اور جیو چوک تک سڑک بند رہے گی ۔
اسی طرح حاجی کیمپ چوک سے اسلام آباد چوک تک کا راستہ بھی مکمل طور پر بند ہے ۔
ٹریفک پولیس کے مطابق آئی جے پی روڈ پر گندم گودام سے فقیر ایپی روڈ تک ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے جبکہ نیسکام سے آئی ٹین کی جانب جانے والی سروس روڈ بھی بند کر دی گئی ہے ۔
آئی ایٹ سے آئی جے پی ڈبل روڈ تک دونوں اطراف ٹریفک کیلئےبندش برقرار ہے ۔
دوسری جانب کلب روڈ پر راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک تک ایک جانب کی لین بند رکھی گئی ہے جبکہ پارک روڈ پر شہزاد ٹاؤن سے مشرف چوک تک ایک سائیڈ بند ہے ۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کے دوران اضافی وقت رکھیں اور ٹریفک کی تازہ صورتحال سے آگاہی کیلئے اسلام آباد ٹریفک پولیس ایف ایم 92.4 سے رہنمائی حاصل کریں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل 10 فیصد مہنگا، قیمت 101 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی
شہری مزید معلومات کے لیے پکار 15 یا ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں ۔




