بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کون کرے گا؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سے نجی اسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کر دی ہے، تاہم عدالت نے ان کے معائنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دیے کہ ڈاکٹر ندیم قریشی بہترین ریٹینا اسپیشلسٹ ہیں، آپ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کر کے ان کے ضروری ٹیسٹ کروا لیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ علاج کا مسئلہ تسلیم شدہ ہے اور یہ عمل جاری رہنا چاہیے۔ دورانِ سماعت جب عدالت نے سیکیورٹی اور صحت کی ذمہ داری کے بارے میں پوچھا تو ایڈووکیٹ جنرل ایاز شوکت نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت اس کی مکمل ذمہ داری لے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر اہم پیش رفت، وفاقی حکومت کو نوٹس جاری

عدالت نے کچھ دیر فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد درخواست مسترد کرتے ہوئے چیف کمشنر کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا، جس میں ڈاکٹر عارف اور ڈاکٹر ندیم قریشی کو بھی شامل کیا جائے گا۔ یہ میڈیکل بورڈ ہی اب فیصلہ کرے گا کہ آیا عمران خان کو مزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔ عدالت نے مزید ہدایت کی کہ جیل رولز کے مطابق عمران خان کی فیملی کو تمام صورتحال سے آگاہ رکھا جائے اور ڈاکٹر ندیم قریشی فیملی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔