نیلم ( کشمیر ڈیجیٹل ) ممبر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی شوکت نواز میر نے کہا ہے کہ ہماری تحریک غریب اور امیر کے فرق کو ختم کرنے کی تحریک ہے، حکمران اپنی شاہ خرچیاں ختم کریں۔
وادی نیلم کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شوکت نواز میر نے کہا کہ دواریاں میں دکانداروں کا سب کچھ آگ کی نذر ہوگیا ، قانوناً انہیں بہت پیچھے پڑ کر 60 ہزار سے ایک لاکھ روپیہ تک ملے گا جبکہ وزراء اور بیوروکریسی کوکچھ ایشو ہو تو ان کے پاس بہت بڑا بجٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آفات سماوی،حادثات، آتشزدگی واقعات کے معاوضے بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہیں، ہر جگہ فائر بریگیڈ کی سہولت دی جائے تاکہ کسی بھی واقعہ پر لوگوں کو بھاری نقصان سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ موبائل کمپنیاں ہم سے فور جی اور فائیو جی کے نام پر پیکیجز کے چارجز لے رہی ہیں جبکہ سب کی سروسز تھرڈ کلاس ہے،نیلم میں تمام کمپنیوں کو موبائل وانٹرنیٹ سروس کی سہولت دی جائے۔
بدقسمتی سے نیلم میں بجلی بندکردی جاتی ہیں جس سے لوگ اذیت میں مبتلا ہوجاتے ہیں، موبائل وانٹرنیٹ سروس نہ ہونے سے کاروبار تباہ ہو رہے ہیں اور ہمارے طلباء وطالبات کو بھی شدید مشکلات کا سامناہے
انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور تاجروں کے اتحاد کو توڑنے کی کوششیں کررہی ہیں، اس کیلئے سوشل میڈیا کے مختلف پیکیجز چلائے جا رہے ہیں، عوام ایسے عوامل پر نظر رکھیں
شوکت نواز میر کا کہنا تھا کہ اوچھے ہتھکنڈے نہ اپنائے جائیں ورنہ اس کا ردعمل شدید آئیگا،حالیہ تحریک میں نیلم ویلی کے عوام نے بھرپور کردارادا کیا جس پر لوگوں کو دلی طور پر مشکورہوں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاکشمیر : موبائل وانٹرنیٹ کی ناقص سروس، عوامی ایکشن کمیٹی کا ایک بار پھر احتجاج کا فیصلہ