وزیراعظم انوارالحق سب سے بڑی کرپشن میں ملوث ہیں، غلام اللہ اعوان

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل ) سوشل ایکٹیوسٹ غلام اللہ اعوان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر انارکی اور انتشار کا شکار ہے ۔ وزیراعظم کا کرپشن ختم کرنے کا دعویٰ خام خیالی ہے ۔ سب سے بڑی کرپشن میں تو خود وہ ملوث ہیں۔

کشمیر ڈیجیٹل کیساتھ خصوصی گفتگو میں غلام اللہ اعوان نے کہا کہ آزادکشمیرراولپنڈی ڈویژن جتنا ہے جسے ایک کمشنر چلا رہا ہے جبکہ آزادکشمیر کو چلانے کیلئے 32 فلیگ ہولڈرز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزراءصرف سیاسی رشوت کے طور پر حکومت میں ہیں تاکہ وزیراعظم کی کرسی بچی رہے اور یہ  تنخواہ ، مراعات سے لطف اندوز ہوتےرہیں۔ 32 وزراء کا مطلب ہے کہ ان کی بیوی کیلئے الگ گاڑی ، بچوں کیلئے الگ گاڑی ، ان کے پروٹوکول کیلئے الگ گاڑیاں ، ان کی مراعات الگ اور ان کی تنخواہیں بے تحاشہ ہیں ۔ جو سہولیات عوام کو ملنی چاہئیں تھیں ان سہولیات سے حکمران عیاشیاں کررہے ہیں ۔

غلام اللہ اعوان کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی سیاسی جماعتوں کے سامنے طاقت بن کر ابھری ہے۔لوگ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران کو ایم ایل ایز سسے زیادہ مضبوط سمجھتے ہیں ۔عوامی ایکشن کمیٹی کی آواز پر لوگ لبیک کہتے ہیں اوران پر اندھا اعتماد کرتے ہیں ۔ لوگ ان موجودہ حکمرانوں سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مسترد کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے پاس تو الیکشن میں جانے کا ایجنڈا ہی نہیں ہے ۔ اگرآزادکشمیر میں یہی صورتحال رہی تو مجھے لگتا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی اگرالیکشن میں جاتی ہے تو تمام سیاسی جماعتوں کو بلڈوز کرتے ہوئے دو تہائی اکثریت سے حکومت بنا لے گی ۔

سیاسی جماعتیں ناکام ہوچکی ہیں اور عوام ان سے تنگ آچکی ہے ۔ عوامی ایکشن کمیٹی نے تمام سیاسی جماعتوں کی ساکھ کو اڑا کر رکھ دیا، موجودہ حکمران ووٹ مانگنے عوام کے پاس کس منہ سے جائیں گے ۔

غلام اللہ اعوان کا کہنا تھا کہ نیلم کے اندر لوگ رف میں دب کر جاں بحق ہوگئے تو اس کی حکمرانوں کو کیا پرواہ ہے ان کے بچے شہروں کے بڑے بڑے تعلیمی اداروں میں پڑھ رہے ہیں ، انہیں گاڑیاں اور عیاشی میسر ہے اگر مسائل کا شکار ہیں تو غریب عوام ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایکشن کمیٹی کے جتنے بھی امیدوار انتخابی میدان میں اترے کامیابی سمیٹیں گے، غلام مصطفی لالا

Scroll to Top