مظفر آباد: حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے ورکرز کی کم از کم اجرت 40,000 روپے مقرر کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے محکمہ لیبر ویلفیئر نے سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ناظم لیبر ویلفیئر خواجہ ممتاز احمد کی جانب سے شہر کی معروف بیکریوں اور ہوٹلوں کو باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں انہیں پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے غیر ہنر مند عملے کو حکومت کے طے کردہ قانون کے مطابق تنخواہیں ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: آبنائے ہرمز میں مائنز بچھانے والی 16 ایرانی کشتیاں تباہ:امریکی سینٹرل کمانڈ کا دعویٰ
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 7 جنوری 2026 کو منظور ہونے والی پالیسی کے تحت 26 ایامِ کار کے لیے کم از کم اجرت 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی ادارے نے اس حکم کی خلاف ورزی کی تو ان کے خلاف آزاد کشمیر پیمنٹ ویجز ایکٹ 2017 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: عید الفطر 2026: نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کا طریقہ اور سرکاری گائیڈ لائنزجانیے
اس حکم نامے کی کاپیاں سیکرٹری صنعت و تجارت اور ڈپٹی کمشنر مظفر آباد کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔




