پاکستان سےبیرون ملک جانے والوں کے لیے پریشان کن خبرآ گئی!1600 پروازیں منسوخ

پاکستان سے بیرون ملک خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ جانے والے مسافروں کے لیے بڑی خبر آگئی ہے۔ خطے میں جاری جنگ کی وجہ سے پاکستان سے جانے والی فضائی پروازیں شدید متاثر ہوئی ہیں اور مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، آج مختلف ممالک کے لیے 85 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ مزید 56 پروازیں بھی منسوخ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شہروں کے لحاظ سے دیکھا جائے تو کراچی سے دبئی، شارجہ اور ابوظبی کے لیے 26 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں اور مزید 10 پروازوں کے رکنے کا خدشہ ہے۔ اسی طرح لاہور ایئرپورٹ سے مشرقِ وسطیٰ کے لیے 18 پروازیں منسوخ ہوئی ہیں جبکہ صرف 10 پروازوں کے چلنے کا امکان ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایئرپورٹ سے بھی 20 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور 11 پروازوں کی روانگی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ میں شدت، تہران، کرج اور اصفہان پر بدترین فضائی حملے،بڑے پیمانے پرعام شہریوں کے مارے جانے کاخدشہ

ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ایران میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی کل تعداد تقریباً 1600 تک پہنچ گئی ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فضائی حکام نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ جب تک خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر نہیں ہو جاتی، پروازیں معمول کے مطابق دوبارہ شروع نہیں ہو سکیں گی۔

مزید پڑھیں: مشرقِ وسطیٰ کے بحران نے فضائی سفر کو لپیٹ میں لے لیا، پاکستان سے درجنوں پروازیں منسوخ

Scroll to Top