وادی نیلم کے زیریں علاقوں میں دوسرے روز بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی اڑنگ کیل، سرداری، گریس ویلی، تاؤبٹ اور شونٹھر ویلی سمیت بلند پہاڑوں پر وقفے وقفے سے ہلکی برف باری ہو رہی ہے۔ بارش اور برف باری کی وجہ سے پورے علاقے میں موسم سرد ہو گیا ہے اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں بھی اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برف باری کا یہ سلسلہ 12 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے اضلاع میں بادلوں کا راج، آج رات سے بارش کا قوی امکان
اس سے پہلے مظفر آباد، نیلم ویلی اور راولاکوٹ سمیت آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس سے رمضان کے مقدس مہینے میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں 11 مارچ تک بادل چھائے رہنے اور بارش ہونے کی توقع ہے۔
پاکستان کے دیگر حصوں کی بات کریں تو اگلے 24 گھنٹوں میں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد، مری اور گلیات میں بھی 10 اور 11 مارچ کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم راولپنڈی اور اٹک میں رات کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے اکثر اضلاع میں موسم گرم رہے گا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے اگلے تین ماہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ مارچ سے مئی تک ملک کے وسطی اور مغربی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں۔ مغربی ہواؤں کے اثرات کی وجہ سے بہار کے موسم میں بارشوں میں اضافے کی توقع ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں بارشیں معمول کے مطابق رہیں گی۔




