پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب کرم سیکٹر میں سیکیورٹی فورسز نے ایک زبردست کارروائی کی ہے۔ افغان طالبان پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے بعد اپنی گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ یہ واقعہ سرحدی گشت کے دوران اس وقت پیش آیا جب فورسز نے مشتبہ نقل و حرکت دیکھی، جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی بھی مزید سخت کر دی گئی۔
کارروائی سے متعلق سامنے آنے والی ویڈیو کے مطابق، افغان طالبان سے تعلق رکھنے والے چند افراد پاکستان افغانستان سرحد کے قریب ایک گاڑی میں جا رہے تھے۔ اسی دوران پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے مشتبہ نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے ان پر فائرنگ کی گئی۔ ویڈیو کے مطابق فائرنگ شروع ہوتے ہی گاڑی میں سوار طالبان گاڑی سے اتر کر تیزی سے موقع سے فرار ہو گئے اور اپنی گاڑی وہیں چھوڑ کر سرحد پار کی سمت بھاگ نکلے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا کرم سیکٹر میں افغان طالبان کے خلاف بڑا آپریشن
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق گاڑی کی تلاشی کے دوران اس میں موجود سامان اور دیگر شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ سرحد پار سے ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔ بعد ازاں، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اس گاڑی کو موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا تاکہ اسے دوبارہ کسی غیر قانونی سرگرمی کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔ حکام کے مطابق سرحدی علاقوں میں ایسی نقل و حرکت کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔
حالیہ مہینوں میں پاکستان افغانستان سرحد کے مختلف علاقوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور سیکیورٹی فورسز سرحدی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مسلسل گشت اور نگرانی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کرم سیکٹر سمیت دیگر سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اضافی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ ملک کی سرحدوں کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور کسی بھی غیر قانونی دراندازی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔




