آزاد کشمیر کے اضلاع میں بادلوں کا راج، آج رات سے بارش کا قوی امکان

آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں آج موسم ملا جلا رہے گا، جہاں کہیں بادل چھائے ہوئے ہیں تو کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

مظفرآباد میں درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے جبکہ میرپور میں 18 ڈگری کے قریب رہے گا۔ باغ میں آج پارہ 21 ڈگری تک جا سکتا ہے اور نیلم ویلی کے بالائی علاقے جیسے کیل میں موسم کافی سرد ہے جہاں درجہ حرارت صرف 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔ مجموعی طور پر کشمیر کے بیشتر علاقوں میں آج رات سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے دیگر علاقوں کے لیے بھی پیشگوئی جاری کی ہے۔ اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور رات کے وقت بعض مقامات پر بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کرم، خیبر، مہمند، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور دن کے وقت گرم رہے گا، تاہم راولپنڈی، اٹک، مری اور گلیات میں رات کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ تین ماہ کا موسمی آؤٹ لک بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق مارچ سے مئی کے دوران ملک کے وسطی اور مغربی علاقوں، جنوبی خیبرپختونخوا، وسطی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ مغربی ہواؤں کے بڑھتے ہوئے اثرات کی وجہ سے بہار کے موسم میں بارشوں میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں بارشیں معمول کے مطابق رہیں گی۔

مزید پڑھیں: آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان

Scroll to Top