ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)آزاد کشمیر کےضلع ہٹیاں بالا میں سعودی عرب کی معروف فلاحی تنظیم شاہ سلمان انسانی امداد اور امدادی مرکز کے تعاون سے مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے دوران بد نظمی کے باعث جھگڑا اور پتھراؤ ہو گیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار دانیال کیانی اے ایس آئی اور ممتاز اعوان ڈی ایف سی تھانہ پولیس سٹی زخمی ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق سعودی تنظیم کی جانب سے ضلعی انتظامیہ جہلم ویلی کے تعاون سے احاطہ عدالت ہٹیاں بالا میں 600 مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جا رہا تھا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ہٹیاں بالا کامران خان کی نگرانی میں انتظامات کیے گئے تھے ۔
راشن کے حصول کے لیے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ پہنچ گئے جس کے باعث بدنظمی پیدا ہو گئی اور شہریوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا شروع ہو گیا ۔
ذرائع کے مطابق صورتحال اس وقت مزید خراب ہو گئی جب کچھ افراد نے پتھراؤ بھی کیا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار دانیال کیانی (اے ایس آئی) اور ممتاز اعوان (ڈی ایف سی) تھانہ سٹی پولیس زخمی ہو گئے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم؛ ملین سمائلز فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحق خاندانوں میں راشن پیکجز کی تقسیم
واقعہ کے بعد پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں لیا جبکہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے قریبی مرکز صحت منتقل کر دیا گیا ۔
پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔
ذرائع کے مطابق راشن کی تقسیم کے دوران انتظامات کے باوجود رش اور غیر منظم لوگوں کی تعداد کی وجہ سے بد نظمی پیدا ہوئی ۔ انتظامیہ اور پولیس اہلکاروں نے شہریوں کو سنبھالنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کچھ افراد کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ۔
واقعے سے متعلق اسسٹنٹ کمشنر کامران خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فلاحی تقسیم کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھیں اور بد انتظامی سے بچیں تاکہ مستحق افراد بروقت اپنی ضروریات پوری کر سکیں ۔




