عطا تارڑ

آپریشن غضب للحق ،583افغان طالبان ہلاک،795زخمی،242پوسٹیں تباہ،38 پر قبضہ،عطا تارڑ

پاکستانی فوج کی جانب سے افغان جارحیت کے جواب میں شروع کیے گئے ’’آپریشن غضب للحق‘‘ کے دوران دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں آپریشن کی تفصیلات شیئر کیں اور بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے ۔

ان کے مطابق اب تک کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 583 افغان طالبان ہلاک جبکہ 795 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی مؤثر حکمت عملی اور بروقت کارروائیوں کے باعث دشمن کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے ان کی عسکری صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔

عطا تارڑ کے مطابق مختلف علاقوں میں قائم دشمن کی 242 فوجی چوکیاں تباہ کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کارروائیوں کے دوران 38 چوکیاں قبضے میں لینے کے بعد انہیں بھی مسمار کر دیا گیا تاکہ دشمن دوبارہ ان مقامات کو استعمال نہ کر سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آپریشن غضب للحق ، افغان رجیم کے مزید نقصانات کی تفصیل جاری

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ دشمن کے جنگی سازوسامان کو بھی بڑے پیمانے پر تباہ کیا گیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران 213 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپیں تباہ کی گئیں، جس سے دشمن کی دفاعی طاقت کو شدید دھچکا پہنچا ہے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاک فضائیہ نے بھی اس آپریشن میں مؤثر کردار ادا کیا۔ فضائی کارروائیوں کے دوران افغانستان کے مختلف علاقوں میں موجود اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا اور ملک بھر میں 64 مقامات پر مؤثر فضائی حملے کیے گئے۔ ان حملوں کا ہدف مخصوص عسکری ٹھکانے اور دہشت گردوں کے مراکز تھے ۔

عطا تارڑ کے مطابق پاک فوج کی جانب سے دشمن کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں اور مختلف مقامات پر دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پر کاری ضرب لگانے کا سلسلہ جاری رہے گا اور ملک کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا ۔

Scroll to Top