نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بریٹ رینڈل نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی ہے اور محض پانچ گیندوں پر پانچ وکٹیں حاصل کر کے منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بریٹ رینڈل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایسا کارنامہ انجام دیا جس نے کرکٹ حلقوں کو حیران کر دیا۔ انہوں نے صرف پانچ گیندوں پر پانچ وکٹیں حاصل کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔
یہ منفرد کارنامہ نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ پلنکٹ شیلڈ کے ایک میچ میں دیکھنے میں آیا جہاں سینٹرل ڈسٹرکٹس اور ناردرن ڈسٹرکٹس کی ٹیمیں مدِمقابل تھیں۔ میچ کے دوسرے روز بریٹ رینڈل نے نیپئیر میں کھیلے جانے والے اس مقابلے کے دوران شاندار بولنگ کرتے ہوئے مسلسل پانچ گیندوں پر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل آج: کیا بھارت اعزاز کا دفاع کرے گا یا نیوزی لینڈ بنے گا نیا چیمپئن؟
میچ کے دوران بریٹ رینڈل نے مجموعی طور پر 25 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کیں جو ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی بہترین بولنگ کارکردگی قرار دی جا رہی ہے۔ یہی نہیں بلکہ یہ سینٹرل ڈسٹرکٹس کی ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ایک نمایاں بولنگ پرفارمنس بن گئی ہے۔
بریٹ رینڈل کی لگاتار پانچ وکٹوں میں نیوزی لینڈ کے اوپنر جیت راول اور فاسٹ بولر کرسٹین کلارک بھی شامل تھے۔ ان کی تباہ کن بولنگ کے باعث ناردرن ڈسٹرکٹس کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر بکھر کر رہ گئی۔
میچ کی صورتحال کے مطابق سینٹرل ڈسٹرکٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 373 رنز بنائے تھے۔ اس کے جواب میں ناردرن ڈسٹرکٹس کی ٹیم بریٹ رینڈل کی شاندار بولنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم صرف 82 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
بریٹ رینڈل کی بولنگ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے چھ وکٹیں صرف آٹھ گیندوں پر حاصل کیں جبکہ سات وکٹیں بارہ گیندوں کے اندر مکمل کر لیں۔
مزید پڑھیں: عیدالفطر پر کتنی سرکاری چھٹیاں ہوں گی؟اہم تفصیلات سامنے آگئیں
واضح رہے کہ اس سے قبل پانچ گیندوں پر پانچ وکٹوں کا کارنامہ پروفیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی دیکھا جا چکا ہے۔ یہ ریکارڈ آئر لینڈ کے انٹرنیشنل کرکٹر کرٹس کیمفر نے ایک ڈومیسٹک انٹر پروونشل میچ کے دوران قائم کیا تھا۔
بریٹ رینڈل کی اس غیر معمولی بولنگ کارکردگی نے نہ صرف میچ کا رخ بدل دیا بلکہ انہیں کرکٹ کی تاریخ کے یادگار لمحات میں بھی شامل کر دیا۔




