ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)ایران پر اسرائیلی و امریکی جارحیت اور سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سمیت 165 معصوم بچیوں کی شہادت کے خلاف جہلم ویلی کے قصبہ گوجر بانڈی میں بھرپور احتجاج مظاہرہ ، مظاہرے میں مختلف سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے جارحیت اور بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور امت مسلمہ کے اتحاد کے حق میں نعرے درج تھے ۔
احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل جہلم ویلی طیب منظور کیانی ، کونسلر سید حماد کاظمی سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مسلمانوں کے کھلے دشمن ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ ان طاقتوں نے ہمیشہ مسلم دنیا کیخلاف سازشیں کی ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی: ایم ایس ڈاکٹر یٰسین کے تبادلے کیخلاف عوام سڑکوں پر، پہیہ جام کی دھمکی
ایران پر حملے اور معصوم شہریوں خصوصاً بچیوں کی شہادت انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے جس کی عالمی سطح پر آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔مقررین نے مزید کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کا گٹھ جوڑ خطے کے امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے اور یہ قوتیں مسلم ممالک کو کمزور کرنے کیلئےمختلف سازشوں میں مصروف ہیں ۔
مقررین نے حکومت پاکستان کا مشرق وسطی سمیت خطہ میں امن کی کاوشوں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی فورمز پر ایران کی حمایت کے اقدامات کا خیر مقدم کیا ۔
مقررین نے کہا کہ ایران اس وقت مقبوضہ فلسطین سمیت عالم اسلام کی بقاء کی جنگ لڑ رہا ہے ، اور گریٹر اسرائیل کی راہ میں دیوار ہے ۔ مقررین نے ایرانی عوام کی جرات و بہادری اور دیوہیکل دشمن کا دلیرانہ مقابلہ کرنے پر ایرانی پاسداران انقلاب کو خراج تحسین پیش کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی آزادکشمیر کا ایک اور نوجوان عطائی ڈاکٹر کی بھینٹ چڑھ گیا
مقررین نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لے اور مظلوم عوام کو انصاف فراہم کرے ۔ مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مظلوموں کے حق میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے اور امت مسلمہ کے اتحاد اور مظلوم اقوام کی حمایت کیلئے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھیں گے ۔




