پاکستان میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی کا سلسلہ جاری ہے اور نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو ملا ہے ۔
سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق فروری کے مہینے میں ملک میں 3,444 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جس کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 287,049 ہو گئی ہے ۔
اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ ان میں 82 کمپنیاں غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحت قائم کی گئیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاری میں چین کے افراد نے 44 کمپنیوں میں ڈائریکٹر شپ حاصل کی ۔
امریکا، برطانیہ، جرمنی، کینیڈا اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے خاص طور پر مائننگ، ٹریڈنگ اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایران پر حملوں کے بعد تیل کی قیمتیں بے قابو ، بڑا اضافہ ہو گیا
صوبائی بنیادوں پر دیکھا جائے تو پنجاب میں 1,696، اسلام آباد میں 656، اور سندھ میں 555 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ شعبوں کے لحاظ سے سب سے زیادہ رجسٹریشن آئی ٹی اور ای کامرس میں 723 کمپنیاں ہوئی ۔
جس کے بعد ٹریڈنگ میں 531، سروسز میں 434 اور رئیل اسٹیٹ میں 323 نئی کمپنیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مائننگ، ٹیکسٹائل، تعلیم، صحت، کھیلوں کا سامان، کیبلز اور الیکٹرک گڈز کے شعبوں میں بھی نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن دیکھی گئی ۔
ایس ای سی پی کے مطابق یہ رجحانات ملک میں کاروباری ماحول کی بہتری اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کی نشاندہی کرتے ہیں۔ خاص طور پر آئی ٹی اور ای کامرس کے شعبے میں بڑھتی ہوئی کمپنیاں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی کا ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے ناموں کا اعلان
غیر ملکی سرمایہ کاری کا بڑھنا عالمی سطح پر پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کی تصدیق کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ رجحانات ملکی معیشت کی مضبوطی اور کاروباری اعتماد میں اضافہ کی علامت ہیں ۔




