مظفرآباد میں الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن آزاد جموں و کشمیر کے زیر اہتمام پنشن کٹوتی اور اصلاحات کے خلاف لیڈیز ہیلتھ ورکرز نے بھرپور احتجاج کیا۔ آزادی چوک میں ہونے والے اس مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین ملازمین شریک ہوئیں جنہوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اپنے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کی خواتین ملازمین نے مرکزی شاہراہ پر احتجاجی مارچ کرتے ہوئے آزادی چوک کا رخ کیاجہاں انھوں نے نعرے باذی کرتے ہوئے حکومتی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر ایک الگ انتظامی یونٹ ہےجس پر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی شرائط کا اطلاق نہیں ہوتا لیکن اس کے باوجود ملازمین کو پنشن سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہےجو کسی صورت قبول نہیں ہے۔
احتجاجی شرکاء کا کہنا تھا کہ ملازمین کی تمام جمع پونجی ان کی پنشن ہوتی ہے جو بڑھاپے کا واحد سہارا ہے۔ حکومت اگر پنشن میں کٹوتی کرے گی تو ہزاروں خاندان شدید مالی مشکلات کا شکار ہو جائیں گے۔ مقررین نے اس امر پر بھی برہمی کا اظہار کیا کہ اسمبلی ممبران اپنی پنشن اور مراعات میں کئی گنا اضافہ کر رہے ہیں جب کہ عام ملازمین کے لیے الگ قانون نافذ کیا جا رہا ہے جو سراسر ناانصافی ہے۔
لیڈیز ہیلتھ ورکرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر پنشن اصلاحات پر نظرثانی کرے اور ملازمین کو ان کے جائز حقوق فراہم کیے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔




