پاکستان میں سونا مزید ہزاروں روپے سستا: فی تولہ قیمت میں 10 ہزار روپے کی بڑی کمی

ملکی و بین الاقوامی گولڈ مارکیٹس میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی نرخ نیچے آ گئے ہیں۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 5 لاکھ 39 ہزار 962 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 8 ہزار 573 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 62 ہزار 930 روپے تک آ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں اچانک بڑی کمی، فی تولہ سونا ہزاروں روپے سستا ہو گیا

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور فی تولہ چاندی 100 روپے مہنگی ہو کر 9 ہزار 4 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا جہاں فی اونس سونا 100 ڈالر سستا ہو کر 5 ہزار 172 ڈالر کی سطح پر آ گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے محتاط رویے اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے باعث سونے کی قیمتوں میں کمی واقع ہو رہی ہے۔

مزید پڑھیں: سونے کی قیمتوں کو پر لگ گئے؛ فی تولہ کہاں پہنچ گیا!

تاجروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سونے کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ نے جیولرز اور خریداروں دونوں کو متاثر کیا ہے۔ قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ مقامی مارکیٹ میں خریداری کا رجحان کچھ بہتر ہوگا تاہم عالمی حالات اور مالیاتی غیر یقینی صورتحال کے باعث آئندہ دنوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار ہے۔

Scroll to Top