آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا پہلا سیمی فائنل آج کولکتہ کے تاریخی میدان ایڈن گارڈنز میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔
جنوبی افریقا کی ٹیم ایونٹ میں اب تک کی واحد ناقابلِ شکست ٹیم کے طور پر سیمی فائنل میں داخل ہوئی ہے، جبکہ نیوزی لینڈ اپنے تجربہ کار آل راؤنڈرز کی بدولت تاریخ بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔
جنوبی افریقا کا ناقابلِ شکست سفر:
ایونٹ کے پہلے مرحلے میں جنوبی افریقا نے اپنے تمام چار میچوں میں نیوزی لینڈ، افغانستان، متحدہ عرب امارات اور کینیڈا کو شکست دے کر اپنی دھاک بٹھائی۔ اس کے بعد سپر ایٹ مرحلے میں بھی پروٹیز کا جادو سر چڑھ کر بولا اور انہوں نے بھارت، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا۔ جنوبی افریقا کے لیے یہ سیمی فائنل محض ایک میچ نہیں بلکہ اپنی تاریخ بدلنے کا ایک سنہری موقع ہے کیونکہ یہ ٹیم اکثر اہم ناک آؤٹ مقابلوں میں اپنا ردھم کھو کر ایونٹ سے باہر ہوتی رہی ہے، جس کی وجہ سے ان پر ‘چوکرز’ کی چھاپ لگی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: امریکی فوجی اڈوں پر حملوں میں 160 امریکی ہلاک، ایرانی فوج کا دعویٰ
نیوزی لینڈ کی تیاری اور آل راؤنڈرز کی طاقت:
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے مرحلے میں تین میچز میں کامیابی حاصل کی، جبکہ سپر ایٹ مرحلے میں انہیں ایک جیت، ایک ہار اور ایک غیر فیصلہ کن میچ کا سامنا کرنا پڑا۔ کیوی ٹیم کی سب سے بڑی طاقت ان کے باصلاحیت آل راؤنڈرز ہیں جن میں ڈیرل مچل، گلین فلپس، مچل سینٹنر، میک کونچی اور چیپمین شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس میچ کے ذریعے ثابت کرنا چاہے گی کہ وہ آئی سی سی کے بڑے ٹورنامنٹس کی سب سے مستقل مزاج اور خطرناک ٹیم ہے۔
تاریخی ریکارڈ اور میچ آفیشلز:
ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو جنوبی افریقا کا پلڑا نیوزی لینڈ پر ہمیشہ بھاری رہا ہے۔ سال 2007، 2009، 2010، 2014 اور حالیہ ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے سمیت مجموعی طور پر پانچ مقابلوں میں جنوبی افریقا نے پانچوں بار نیوزی لینڈ کو شکست دی ہے، جبکہ کیوی ٹیم اب تک ایک بھی فتح حاصل نہیں کر سکی۔ آج کے اس اہم میچ میں رچرڈ ایلنگ ورتھ اور الیکس وارف آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، نتن مینن تھرڈ امپائر، راڈ ٹکر فورتھ امپائر اور جواگل سری ناتھ میچ ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔




