تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو مشہد میں سپرد خاک کیا جائے گا، دن اور تقریب کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ایرانی نیوز ایجنسی فارس کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کو بہت بڑی یادگاری تقریب کے بعد مقدس شہر مشہد میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
تقریب کی تفصیلات اور پروگرام کا باقاعدہ اعلان عہدیداروں سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ آیت اللہ علی خامنہ ای مشہد شہر میں ہی پیدا ہوئے، ان کے والد امام رضا کے مزار کے احاطے میں مدفون ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے سپریم لیڈر منتخب، اسرائیلی میڈیا
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی حملے میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای شہید ہوگئے تھے، ایران نے اپنے سپریم لیڈر کی موت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
آیت اللہ خامنہ ای کو مشیروں سے ملاقات کے دوران نشانہ بنایا گیا، حملے کے وقت ایرانی سپریم لیڈر اپنے دفتر میں موجود تھے، ان کی شہادت پر ملک بھر میں 40 روزہ سوگ اور 7 روزہ تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت: شہری صبر و تحمل اختیار کریں اور بدامنی سے گریز کریں،علامہ طاہر اشرفی
یاد رہے کہ ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی اہلیہ اپنے شوہر کی شہادت کے اگلے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئیں۔




