حکومتِ پنجاب نے عید الفطر 2026 کے پرمسرت موقع پر صوبائی سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مارچ کی تنخواہیں اور پنشن عید سے قبل ہی ادا کر دی جائیں گی۔
محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام مسلم سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ ملازمین کو 16 مارچ 2026 کو ان کے واجبات ادا کر دیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد ملازمین کو عید کی تیاریوں کے لیے بروقت مالی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا پرائیڈر کا نیا ورژن متعارف، قیمت اور تفصیلات جاری
محکمہ خزانہ نے تمام متعلقہ محکموں، بینکوں اور اکاؤنٹس دفاتر کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ ادائیگی کا عمل مقررہ تاریخ یعنی 16 مارچ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ دوسری جانب ماہرینِ فلکیات اور محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں عید الفطر 21 مارچ 2026 کو منائے جانے کا قوی امکان ہے۔ سائنسی تجزیے کے مطابق 19 مارچ کو چاند کی عمر کم ہونے کی وجہ سے رویت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کی بنا پر 30 روزے مکمل ہونے کی توقع ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ملازمین کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔




