امریکا کے صدر ٹرمپ کی صحت ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے کیونکہ ایک عوامی تقریب کے دوران ان کی گردن پر سرخ نشان دیکھے گئے۔ اس منظر کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔
صدر کے ذاتی معالج ڈاکٹر شان باربیلا نے اس معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گردن پر ظاہر ہونے والی یہ سرخی تشویش کا باعث نہیں۔ انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ صدر ٹرمپ گردن کے دائیں حصے پر ایک عام نوعیت کی کریم استعمال کر رہے ہیں۔ یہ کریم انہیں جلد کے حفاظتی علاج یعنی پریوینٹو اسکن ٹریٹمنٹ کے طور پر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈٹرمپ نے ایران میں زمینی فوج بھیجنے کا عندیہ دیدیا
ڈاکٹر باربیلا کا کہنا ہے کہ صدر ایک ہفتے تک یہ علاج جاری رکھیں گے جبکہ یہ سرخی چند ہفتوں تک برقرار رہ سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے جلد کے بنیادی مسئلے کی مزید تفصیل فراہم نہیں کی۔ یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چند ہفتے قبل 79 سالہ صدر کے ہاتھوں کی پشت پر نیل کے نشانات بھی دیکھے گئے تھے۔ اس وقت صدر نے وضاحت کی تھی کہ یہ نشانات زیادہ مصافحہ کرنے اور روزانہ اسپرین کی زیادہ مقدار لینے کی وجہ سے ہوئے ہیں۔
صدر کے معالج نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ وہ مجموعی طور پر بہترین صحت میں ہیں۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس معاملے پر ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ صارفین نے سخت تنقید کی ہے جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ اس عمر میں جلد پر سرخی یا معمولی مسائل ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔




