پاکستانی صحافی اور سوشل میڈیا کانٹینٹ ایڈیٹر فہمیدہ یوسفی نے جیو ٹی وی اور جاز کی اسٹریمنگ ایپ ’’تماشہ‘‘ کی ٹرانسمیشن ہیک ہونے کے واقعے کو انتہائی سنگین قرار دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی معمولی تکنیکی خرابی نہیں بلکہ ایک منظم سائبر حملہ تھا جس کے اثرات قومی سطح پر محسوس کیے جا سکتے ہیں ۔
فہمیدہ یوسفی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ حملہ بھارتی اور اسرائیلی ہیکرز کی منصوبہ بندی کا نتیجہ تھا ۔
ان کے مطابق یہ کارروائی پیشہ ورانہ انداز میں اور باقاعدہ حکمت عملی کے تحت کی گئی، جس کا مقصد خاص طور پر پاک فوج کو نشانہ بنانا اور پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا تھا ۔ تاہم ان دعوؤں کی تاحال کسی سرکاری یا آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:افغان طالبان، اسرائیل اور بھارت کا گٹھ جوڑ، پاکستان کیخلاف منظم ہائبرڈ حملے اور پروپیگنڈا کے ذریعے انتشار پھیلانے لگے
انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کو ہائبرڈ جنگ کے نئے محاذوں کا سامنا ہے، جہاں سائبر حملے، معلوماتی جنگ اور میڈیا پلیٹ فارمز کو نشانہ بنانا ایک بڑی حکمت عملی کا حصہ ہو سکتا ہے۔ ان کے بقول ایسے اقدامات کا مقصد ریاستی اداروں کیخلاف بداعتمادی پیدا کرنا اور عوام میں بے یقینی کو فروغ دینا ہے ۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں جیو نیوز کی براہِ راست نشریات اور جاز کی موبائل اسٹریمنگ ایپ ’’تماشہ‘‘ کو سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ٹرانسمیشن متاثر ہوئی۔ بعض حلقوں کی جانب سے اسرائیلی موساد اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ پر اس حملے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے ۔
متعلقہ حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اور حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ صورتحال پر تحقیقات جاری ہیں اور ماہرین سائبر سکیورٹی کے پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔




