آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت: شہری صبر و تحمل اختیار کریں اور بدامنی سے گریز کریں،علامہ طاہر اشرفی

اسلام آباد: پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے ایران کے مذہبی رہنما آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے صبر و تحمل اختیار کرنے اور ملک میں کسی بھی قسم کے انتشار و بدامنی سے گریز کرنے کی پرزور اپیل کی ہے۔

کراچی کی صورتحال پر تشویش اور دشمن کے عزائم:

علامہ طاہر اشرفی نے اپنے بیان میں کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پورے عالمِ اسلام کے لیے انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، تاہم اس موقع پر کراچی میں جو صورتحال سامنے آئی وہ بھی انتہائی قابلِ افسوس ہے۔ انہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے علما اور مشائخ سے اپیل کی کہ وہ اس نازک وقت میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ دشمن اپنے ناپاک مقاصد میں کسی صورت کامیاب نہ ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں: آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر پاکستان ایران کے دکھ میں برابر کا شریک ہے، محسن نقوی

قومی املاک کا تحفظ اور امن کی اپیل:

انہوں نے مزید واضح کیا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، لیکن احتجاج کی آڑ میں اپنے ہی ملک کو نقصان پہنچانا یا قومی املاک کو نذرِ آتش کرنا کسی بھی طور عقلمندی نہیں ہے۔ علامہ طاہر اشرفی نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنے اکابرین کے دیے گئے صبر و تحمل کے درس کو مشعلِ راہ بنانا چاہیے تاکہ پاکستان میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کی فضا قائم رہ سکے۔

Scroll to Top