سکردو: امام جمعہ و جماعت سکردو علامہ شیخ حسن جعفری نے رہبرِ معظم آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے تناظر میں سکردو سمیت ملک بھر کے شیعہ و سنی نوجوانوں کے نام ایک اہم پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ یہ وقت جذباتی ردِعمل کا نہیں بلکہ اتحاد، صبر اور دانشمندی اختیار کرنے کا ہے۔
امتِ مسلمہ سوگوار، اتحاد وقت کی ضرورت:
علامہ شیخ حسن جعفری کا کہنا تھا کہ رہبرِ معظم کی شہادت ایک عظیم سانحہ ہے جس پر پوری امتِ مسلمہ سوگوار اور عالمِ اسلام غمزدہ ہے۔ تاہم، انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں باہمی اتحاد اور قومی یکجہتی ہی سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ ان کے بقول، اپنے ہی ملک کو کمزور کرنا یا اندرونی انتشار کو ہوا دینا دراصل دشمن کے عزائم کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے، کیونکہ دشمن ہمیشہ مسلمانوں کی تقسیم اور کمزوری کا خواہاں رہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان کا اہم اعلامیہ؛ احتجاجی مظاہرین کو پرامن رہنے کی اپیل
دشمن کے خلاف اصل انتقام: امن اور بھائی چارہ:
نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے علامہ شیخ حسن جعفری نے واضح کیا کہ امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کے ذریعے ہی اسلام اور وطن کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی رویہ دشمن کے خلاف سب سے سخت اور مؤثر انتقام ثابت ہوگا۔ انہوں نے شیعہ اور سنی نوجوانوں کو ملک کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ سوشل میڈیا یا عوامی مقامات پر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
علما کا متفقہ مؤقف اور قانون کی پاسداری:
امام جمعہ سکردو نے مزید کہا کہ تمام علما کرام اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ نازک حالات میں صبر، تحمل اور قانون کی پاسداری ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی بقا صرف باہمی اتحاد میں ہے اور اگر قوم متحد رہے گی تو کوئی بھی دشمن ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔ پیغام کے آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو اتحاد عطا فرمائے اور وطنِ عزیز کو ہر قسم کی اندرونی و بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھے۔




