اسلام آباد:پاکستان کی سینیٹ نے افغانستان کی جانب سے ملک میں سرحدی دراندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک متفقہ قرارداد منظور کر لی ہے ۔
یہ قرارداد سینیٹر شیری رحمان نے پیش کی اور ایوان نے اسے تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت سے قبول کیا ۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ افغانستان کی طرف سے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں دراندازی کے واقعات کی سخت مذمت کرتا ہے ۔
اس دوران شہید ہونے والے پاکستانی مسلح افواج کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی قربانیوں کو سراہا گیا، جنہوں نے وطن کی حفاظت میں اپنی جانیں قربان کیں ۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان کی سرزمین بعض عناصر کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے، جس پر سینیٹ نے بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک افغان صورتحال پر ڈی جی آئی ایس پی آر آج اہم پریس کانفرنس کریں گے
ایوان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ افغان طالبان رجیم کے اس رویے کا نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے ۔
سینیٹ نے اس موقع پر زور دیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی غیر قانونی دراندازی کو ہر صورت ناکام بنائے گا ۔
قرارداد میں کہا گیا کہ افغانستان میں حکومت کے غیر سنجیدہ رویے کے باعث خطے میں امن و استحکام کیلئے خطرہ پیدا ہو رہا ہے، اور اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے ۔
پاکستانی سینیٹ کی یہ متفقہ قرارداد نہ صرف ملکی خودمختاری اور سرحدی تحفظ کی ضمانت ہے بلکہ عالمی برادری کو بھی اس امر کی یاد دہانی کراتی ہے کہ خطے میں امن کے قیام کیلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔




