ایاز صادق

پاکستان کے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے افغانستان کی جانب سے ہونے والی مبینہ بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ۔

انہوں نے افغان حملوں کے خلاف فوری اور مؤثر جوابی کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کو سراہا ۔

اپنے بیان میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ افغانستان خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہا ہے اور وہ بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہا ہے ۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور بھارت کی ایماء پر پاکستان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی آزادی اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں ،ڈاکٹر عباد اللہ

ان کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں پاکستانی چوکیوں پر حملے کرنا نہایت شرمناک اور بزدلانہ اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ پاک افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی ہے، تاہم اس تحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اگلے 72 گھنٹے افغان طالبان پر بہت بھاری گزریں گے،سینئر صحافی محمد مالک

ایاز صادق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرے گا۔

Scroll to Top