ایگزیکٹو کمیٹی بار کونسل آزاد جموں و کشمیر نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کہوٹہ حویلی کے انتخابات میں جانبداری ثابت ہونے پر 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ کمیٹی نے سہیل مسعود ایڈووکیٹ کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے 8 مارچ کو دوبارہ پولنگ کروانے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سابق الیکشن بورڈ کے چیئرمین چوہدری محمد اختر ایڈووکیٹ کو جانبداری اور الیکشن رولز کی خلاف ورزی پر تین سال کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نئے الیکشن بورڈ کی سربراہی راجہ صغیر احمد راٹھور ایڈووکیٹ کریں گے جبکہ سید عاشق گیلانی اور چوہدری آلہ دین ایڈووکیٹ بطور ممبران شامل ہوں گے۔ انتخابات میں شیخ سہیل مسعود ایڈووکیٹ اور فاروق گجر ایڈووکیٹ صدارت کے لیے مدِمقابل ہوں گے جبکہ نائب صدر کے لیے عزیز فاروقی ایڈووکیٹ اور خالد چوہان ایڈووکیٹ میدان میں اتریں گے۔
پبلیسٹی سیکرٹری کے عہدے کے لیے عزیز میر ایڈووکیٹ اور جہانگیر چوہدری ایڈووکیٹ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ دیگر تمام عہدیداران جو سہیل مسعود پینل سے تھے بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ ان میں واصف گوہر ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری، راجہ شکیل جنجوعہ ایڈووکیٹ جوائنٹ سیکریٹری، ذوالقرنین ایڈووکیٹ سیکرٹری لائبریری، اور چنگیز راٹھور ایڈووکیٹ سیکرٹری مالیات شامل ہیں۔
نئے انتخابات کے انعقاد تک شیخ شکیل ایڈووکیٹ کو عبوری صدر نامزد کیا گیا ہے۔