شاہنواز کیانی قتل کیس کا فیصلہ: دو مجرمان کو سزائے موت، پانچ کو طویل قید

ضلع جہلم ویلی ہٹیاں بالا میں ڈسٹرکٹ و سیشن جج نگہت سلطانہ اور ضلع قاضی ضیاء الرحیم پر مشتمل ضلعی فوجداری عدالت نے مشہور زمانہ ”شاہنواز کیانی قتل کیس“ کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ 81 صفحات پر مشتمل اس فیصلے میں دو مرکزی ملزمان مدثر اقبال اور عاطف سعید کو سزائے موت کی سزا سنائی گئی ہے۔ عدالت نے دونوں مجرمان کو دس دس لاکھ روپے مالی معاوضہ مقتول کے ورثاء کو ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 3 مئی 2020ء کو تلی کوٹ یونین کونسل گوجربانڈی میں پیش آنے والے اس واقعے میں مقتول شاہنواز کیانی پر خنجر اور چھریوں سے وار کیے گئے تھے، جس کے باعث زیادہ خون بہہ جانے سے ان کی موت واقع ہوئی۔ عدالت نے دیگر ملزمان فیضان عالم اور جاوید یونس کو مقتول کو پکڑنے کے جرم میں دس دس سال قیدِ بامشقت اور پانچ پانچ لاکھ روپے مالی معاوضہ کی سزا سنائی۔ اسی طرح جرم میں اعانت اور بلوہ گیری ثابت ہونے پر محمد اقبال، مہتاب اور اسرار کو سات سات سال قید اور تین تین لاکھ روپے مالی معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فتح محمد قریشی آزاد کشمیر کے نئے اکاؤنٹنٹ جنرل مقرر، وفاقی حکومت کا نوٹیفکیشن جاری

عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا کہ عاطف اور مدثر نے خنجر اور چھری سے مقتول کے پیٹ پر وار کیے تھے، جبکہ دیگر ملزمان مجمع خلافِ قانون جمع کرنے، للکارنے اور مقتول کو پکڑنے میں شریکِ جرم پائے گئے۔ مقدمے کی پیروی صفائی کے وکلاء طاہر عزیز خان اور عتیق احمد، مستغیث کے وکیل چوہدری عبدالجبار، انجم فیروز اور سرکار کی جانب سے پبلک پراسیکیوٹر محمد بشیر اعوان نے کی۔ تمام مجرمان کو سزائیں کاٹنے کے لیے سنٹرل جیل مظفرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کی ڈاکٹر فریحہ افراہیم کی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں خودکشی، حادثاتی موت یا قتل؟

Scroll to Top