اسلام آباد ایئرپورٹ نے ملک کا پہلا مکمل کیش لیس ایئرپورٹ بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ یہ قدم ڈیجیٹل تبدیلی اور مسافروں کی سہولت کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اب ایئرپورٹ پر ہر قسم کی ادائیگی صرف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ہی ممکن ہوگی۔
نئے نظام کے مطابق ایئرلائن ٹکٹنگ، کار پارکنگ، کھانے پینے کے مراکز، ریٹیل شاپس اور ڈیوٹی فری اسٹورز پر اب نقد رقم قبول نہیں کی جائے گی۔ مسافر اپنی ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹس، کیو آر کوڈز، موبائل بینکنگ اور ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈز کے ذریعے کر سکیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد نظام میں شفافیت لانا اور مسافروں کے لیے کام کو آسان بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج: کیا آپ 13 ہزار روپے کے اہل ہیں؟ اپنی اہلیت چیک کرنے کا طریقہ جانیں
یہ اہم پیش رفت وفاقی حکومت کے اس فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے جس میں پچھلے ماہ اسلام آباد ایئرپورٹ کو فعال نجکاری پروگرام میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ایئرپورٹ مینیجر آفتاب گیلانی نے بتایا کہ ایک جدید موبائل ایپلی کیشن بھی لانچ کر دی گئی ہے جس کی مدد سے مسافر دنیا میں کہیں سے بھی اپنے گمشدہ سامان کو ٹریک کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پیمنٹ اور سامان کی ٹریکنگ سے ایئرپورٹ کی بین الاقوامی رینکنگ میں اضافہ ہوگا۔ یاد رہے کہ وزارت نجکاری کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کو کراچی اور لاہور کے ایئرپورٹس کے ساتھ ہی نجکاری کے عمل کا حصہ بنایا گیا ہے۔




