عدالتِ عظمیٰ کے احکامات پر فوڈ اتھارٹی متحرک، نیلم کے بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی سخت چیکنگ

نیلم: عدالتِ عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ فوڈ سیفٹی آفیسر سید شجاعت حسین نقوی کی سربراہی میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ضلع نیلم میں ایک بڑی کارروائی کی ہے۔ اس مہم کے دوران موبائل فوڈ ٹیسٹنگ وین اور فوڈ ٹیکنالوجسٹ انیلہ عباسی کی مدد سے ضلع بھر میں اشیاء خوردونوش کی سپلائی کرنے والی گاڑیوں اور تجارتی مراکز کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے چلہانہ کے مقام پر ناکہ لگا کر سپلائی گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ پڑتال کے دوران غیر معیاری اشیاء کی فراہمی پائے جانے پر متعلقہ گاڑیوں کو جرمانے کیے گئے اور ٹیسٹنگ کے لیے مختلف نمونے حاصل کیے گئے۔ اس کے بعد ٹیم نے نیلم کے معروف تجارتی مراکز باڑیاں، جورا اور کنڈل شاہی کے بازاروں کا دورہ کیا جہاں رمضان المبارک کے حوالے سے تیار کی جانے والی افطار آئٹمز کی باریک بینی سے چیکنگ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن: آزاد کشمیر کے داخلی راستوں پر ناکہ بندی، بھاری مقدار میں غیر معیاری اشیاء ضبط

معائنے کے دوران پکوڑے، سموسے، جلیبی، چپس، جوسز، گھی اور مصالحہ جات کے معیار کو پرکھا گیا۔ خاص طور پر افطار آئٹمز میں استعمال ہونے والے آئل کی پی پی سی ویلیو کو جدید میٹر کے ذریعے چیک کیا گیا۔ باڑیاں بازار میں ایک دکان پر زائد ٹی پی سی ویلیو والا مضرِ صحت آئل پایا گیا جسے فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ متعدد دکانوں سے زائد المعیاد (ایکسپائر) اور غیر رجسٹرڈ اشیاء برآمد ہوئیں جنہیں موقع پر ہی ضبط کر لیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد فوڈ بزنس آپریٹرز پر جرمانے عائد کیے گئے۔ پہلی کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 14 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے جبکہ کچھ دکانداروں کو وارننگ بھی جاری کی گئی۔ اس کارروائی میں اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر خواجہ ممتاز احمد، امتیاز حسین شائق، حافظ انور حسین اور دیگر معاون عملہ شامل تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عوامی صحت اور حفظانِ صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: سونے کی قیمتوں کو پر لگ گئے، ملک بھر میں فی تولہ سونا 3 ہزار روپے سے زائد مہنگا ہو گیا

Scroll to Top