سام سنگ اپنی نئی اور طاقتور گلیکسی S26 سیریز کو عالمی سطح پر فروری کے آخر میں پیش کرنے والا ہے۔ اگرچہ کمپنی نے ابھی تک پاکستان کے لیے سرکاری قیمتوں کا اعلان نہیں کیا، لیکن مارکیٹ کے رجحانات اور پرانے ماڈلز کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہرین نے ایک متوقع قیمت بتائی ہے۔
پاکستان میں گلیکسی S26 کی قیمت 2 لاکھ 20 ہزار سے 2 لاکھ 62 ہزار روپے کے درمیان ہو سکتی ہے۔ اسی طرح گلیکسی S26 پلس 2 لاکھ 80 ہزار سے 3 لاکھ 35 ہزار روپے، جبکہ سب سے مہنگا ماڈل گلیکسی S26 الٹرا 3 لاکھ 50 ہزار سے 5 لاکھ 9 ہزار روپے تک جا سکتا ہے۔ امریکہ میں ان فونز کی ابتدائی قیمت 799 ڈالر سے 1299 ڈالر کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ گلیکسی S26 سیریز کی لانچنگ تاریخ کا باضابطہ اعلان، پری ریزرویشن شروع
جدید فیچرز کی بات کریں تو گلیکسی S26 میں 6.3 انچ کی ڈسپلے اور 4300 mAh کی بیٹری ہوگی، جبکہ S26 پلس میں 4900 mAh کی بڑی بیٹری دی جائے گی۔ سب سے خاص ماڈل گلیکسی S26 الٹرا ہوگا جس میں 6.9 انچ کی بڑی اسکرین اور 5000 mAh کی بیٹری دی جائے گی۔ یہ تمام فونز اینڈرائیڈ 16 پر مبنی ‘ون یو آئی 8.5’ سافٹ ویئر پر چلیں گے۔
لیکس کے مطابق الٹرا ماڈل میں طاقتور ‘اسنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ جنریشن 5’ پروسیسر استعمال کیا جائے گا، جبکہ دیگر ماڈلز میں ‘ایگزینوس 2600’ چپ سیٹ ہونے کا امکان ہے۔ اس سیریز میں کیمرہ سسٹم کو بھی پہلے سے زیادہ جدید بنایا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو بہترین فوٹو گرافی کا تجربہ مل سکے۔




