دس سال پہلے صحرا میں گم ہونے والا موبائل فون دوبارہ ملنے پر چل پڑا

ویسے تو اگر کوئی فون گم ہو جائے اور برسوں تک نہ ملے تو اس کی واپسی یا اس کے درست حالت میں ہونے کا خیال کسی کو نہیں آسکتا، مگر یہ یقین کرنا مشکل ہوگا کہ ایک دہائی سے زائد عرصے تک صحرا میں رہنے والا موبائل فون ملنے کے بعد حیران کن طور پر کام کرنے لگا۔

امریکی ریاست ایریزونا کے علاقے پریسکوٹ میں 84 سالہ کیٹی الکین نامی خاتون اپنے گھر کے قریب صحرا میں چہل قدمی کر رہی تھیں جب انہوں نے گرد آلود زمین پر ایک فون پڑا دیکھا۔ وہ فون کھلا ہوا تھا اور اس پر ہر جگہ ریت چپکی ہوئی تھی۔ پہلے تو کیٹی نے سوچا کہ وہ اسے پڑوس میں رہنے والے ایک لڑکے کو دے دیں گی جو پرانی الیکٹرونکس چیزیں جمع کرنے کا شوق رکھتا ہے، مگر پھر ان کے دل میں یہ دیکھنے کا شوق پیدا ہوا کہ کیا یہ فون اب بھی کام کر سکتا ہے یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فلیگ شپ ماڈل ، بڑی بیٹری، گوگل نے سستا سمارٹ فون متعارف کرادیا

کیٹی اس فون کو گھر لے گئیں اور اپنے پرانے چارجرز نکال کر اسے چارج کرنے کی کوشش کی۔ ایک چارجر فون میں فٹ آ گیا اور وہ یہ دیکھ کر دنگ رہ گئیں کہ موبائل چارج ہونا شروع ہو گیا۔ کچھ دیر بعد جب فون کو آن کیا گیا تو وہ چل پڑا، جس کے بعد کیٹی نے اس کے پیغامات اور رابطوں (Contacts) کے ذریعے فون کے مالک کو ڈھونڈنے کی کوشش کی۔

انہوں نے دریافت کیا کہ فون کی مالکن کا نام میڈی ہے جو ایک کیفے میں کام کرتی تھی اور ہائیکنگ کی شوقین تھی۔ فون کی چھان بین کے دوران کیٹی کو میڈی کے والد کا نمبر ملا اور کچھ دنوں کی محنت کے بعد ان کا رابطہ میڈی سے ہو گیا۔ میڈی یہ جان کر حیرانی کی انتہا پر تھی کہ اس کا وہ فون جو 2015 میں ہائیکنگ کے دوران صحرا میں گم ہو گیا تھا، دس سال بعد واپس مل گیا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ 10 سال تک صحرا کے گرم موسم اور سخت حالات میں رہنے کے باوجود یہ فون خراب نہیں ہوا بلکہ اب بھی کام کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: انٹرنیشنل کمپنی اپیل کا پاکستان میں موبائل فونز بنانے کا پروگرام تیار

Scroll to Top