کوئی وقت مقرر نہیں کسی بھی آنے والے کے لیے میرے دروازے کھلے ہیں :آئی جی لیاقت ملک

آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت ملک نے اپنے اسٹاف کو ایک اہم بریفنگ دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ کوئی بھی اہلکار یا شہری اگر ان سے ملنا چاہے تو اسے وقت لینے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اسے براہ راست ان سے ملوایا جائے۔

انہوں نے اپنے عملے کو سمجھایا کہ یہ عہدہ اللہ کا دیا ہوا ہے اور جو شخص بھی ملنے آتا ہے وہ بھی اللہ کا بندہ ہے۔ آئی جی صاحب نے اسٹاف کو ہدایت کی کہ ان کا کام صرف دروازہ کھولنا اور آنے والے کو اندر بھیجنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی فون کر کے ملنے کا وقت مانگے تو اسے بتا دیں کہ جب صاحب دفتر میں موجود ہیں تو دروازہ کھلا ہے اور کوئی وقت لینے کی ضرورت نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی جی لیاقت علی ملک کا ہیڈ کانسٹیبل پرویز خان کو 5ہزار انعام،سرٹیفکیٹ

لیاقت ملک نے آنے والے مہمانوں کی خاطر تواضع کے حوالے سے ایک نیا معیار (SOP) بھی مقرر کیا ہے۔ انہوں نے عملے سے کہا کہ جو بھی بندہ آئے اس سے سادہ الفاظ میں پوچھیں کہ وہ چائے، گرین ٹی یا پانی میں سے کیا پینا پسند کرے گا۔ آئی جی نے زور دیا کہ یہ سب ان کے پوچھنے سے پہلے ہونا چاہیے اور اس میں کسی بھی قسم کی تفریق نہیں ہونی چاہیے کہ آنے والا کون ہے۔

مزید پڑھیں: نئے آئی جی آزاد کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی سے عوام نے نئی اُمیدیں باندھ لیں

انہوں نے واضح کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حدود میں رہنے والے کسی بھی شخص کو ان سے ملنے کے لیے وقت لینے کی حاجت نہیں، ان کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔ آئی جی لیاقت ملک کا کہنا تھا کہ وہ ان تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے جو ان کے اختیار میں ہوں گے اور یہ ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اسٹاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس کام کو آسان بنانا عملے کی ذمہ داری ہے۔

Scroll to Top